نائجیریا میں مسافروں سے بھری کشتی حادثے کا شکار ہوگئی، جس کے نتیجے میں بچوں سمیت 50 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق واقعہ گورونیو کے قریب گوراؤ کے مقام پر پیش آیا، جہاں کشتی دریا میں اچانک الٹ گئی۔
رپورٹ کے مطابق کشتی میں 70 سے زائد افراد موجود تھے، جو اس کی مقررہ گنجائش سے زیادہ تعداد تھی۔ حادثے میں زیادہ تر بچے جاں بحق ہوئے، جبکہ متعدد افراد اب بھی لاپتہ ہیں۔
حادثے کی اطلاع ملنے پر مقامی افراد اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور تلاش کا کام شروع کیا۔ امدادی کارروائیوں کے دوران 50 لاشیں نکالی گئیں جبکہ 16 افراد کو زندہ بچا لیا گیا۔ لاپتا مسافروں کی تلاش تاحال جاری ہے۔
ایک عینی شاہد کے مطابق کشتی میں موجود بچے ممکنہ طور پر زرعی مزدوروں اور کھیت مالکان کے ہمراہ چاول کی فصل کی کٹائی کے لیے جا رہے تھے۔ حادثے کے بعد برآمد ہونے والی لاشوں کو تدفین سے قبل مقامی مسجد کے سامنے رکھا گیا۔
حکام کے مطابق جائے حادثہ دور دراز علاقے میں واقع ہونے کے باعث امدادی سرگرمیوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔