پاکستان شاہینز اور انڈر 19 کی سطح پر کھلاڑیوں کی تربیت اور دورہ انگلینڈ کی تیاریوں کے لیے نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں تربیتی کیمپ کا باقاعدہ آغاز ہوگیا ہے۔
کیمپ کے پہلے روز ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید نے کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف سے خصوصی ملاقات کی اور ان سے گفتگو کی۔
اس موقع پر انہوں نے پیشہ ورانہ کرکٹ کیریئر کو سنوارنے اور قومی ٹیم تک رسائی میں انڈر 19 کرکٹ کی بنیادی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
پاکستان انڈر 19 ٹیم کے ہیڈ کوچ شاہد انور نے بھی کھلاڑیوں کو لیکچر دیتے ہوئے آنے والے دورے کے چیلنجز سے آگاہ کیا اور اسکواڈ میں شامل تمام کھلاڑیوں کو ان کے انفرادی رولز کے بارے میں تفصیل سے بتایا۔
کیمپ کے دوران کھلاڑیوں کو انگلش کنڈیشنز کے ساتھ ڈھلنے، میدان کے اندر اور باہر ڈسپلن برقرار رکھنے اور بین الاقوامی سیریز کی بہترین تیاری کے حوالے سے تفصیلی گائیڈ لائنز فراہم کی گئی ہیں۔
پاکستان انڈر 19 ٹیم اپنے دورہ انگلینڈ کا باقاعدہ آغاز 2 ستمبر سے چار روزہ یوتھ ٹیسٹ میچ کے ذریعے کرے گی۔ اس کے بعد 9 ستمبر سے 16 ستمبر تک پاکستان اور انگلینڈ کی انڈر 19 ٹیموں کے درمیان چار ایک روزہ میچز کی سیریز کھیلی جائے گی۔