وزیراعظم شہباز شریف اور صدر مملکت آصف علی زرداری نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز اور پولیس کی کامیاب کارروائیوں میں 49 دہشتگردوں کی ہلاکت پر فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں مشترکہ کارروائیوں کے دوران فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے مجموعی طور پر 49 دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز اور پولیس کی کامیاب کارروائیاں ان کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور عزم کا واضح ثبوت ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے اور امن و سلامتی کے قیام کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے بھی سیکیورٹی فورسز اور پولیس کی مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں کو سراہتے ہوئے 49 دہشتگردوں کی ہلاکت پر فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔
صدر زرداری نے کہا کہ بیرونی پشت پناہی سے سرگرم دہشتگرد عناصر ملک کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں بھرپور انداز میں جاری رکھی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے عوام دہشتگردی سے مکمل نجات حاصل کرکے پائیدار امن، قومی ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہوں گے۔