ایرانی ہیکرز نے برطانوی پاور پلانٹ 4 روز تک بند رکھا، برطانوی اخبار کا دعویٰ

image

برطانوی اخبار ’’دی ٹیلی گراف‘‘ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایرانی حکومت سے وابستہ ہیکرز نے گزشتہ ماہ ایک سائبر حملے کے ذریعے برطانیہ کے ایک پاور پلانٹ کو چار روز تک بند رکھنے میں کامیابی حاصل کی۔

رپورٹ کے مطابق یہ اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ سمجھا جارہا ہے، جس میں ایرانی حکومت سے منسلک سائبر حملہ آور برطانیہ میں کسی بجلی گھر کو مکمل طور پر بند کرنے میں کامیاب ہوئے۔

’’دی ٹیلی گراف‘‘ کے مطابق یہ سائبر حملہ ایسے وقت میں کیا گیا جب امریکا میں پانی کی ترسیل کے بنیادی ڈھانچے کو بھی سائبر حملوں کا سامنا تھا۔ ان حملوں سے امریکا کی 12 ریاستیں متاثر ہوئیں، جس پر وائٹ ہاؤس میں بھی تشویش کا اظہار کیا گیا تھا۔

برطانوی حکام نے سکیورٹی خدشات کے باعث متاثرہ پاور پلانٹ کی شناخت ظاہر کرنے سے گریز کیا ہے۔ تاہم رپورٹ کے مطابق پلانٹ تقریباً چار روز تک مکمل طور پر بند رہا اور اس دوران عملہ بجلی گھر کو دوبارہ فعال کرنے کی کوششوں میں مصروف رہا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ متاثرہ پاور پلانٹ ممکنہ طور پر نسبتاً چھوٹا تھا، جس کے باعث اس کی بندش سے برطانیہ کے مجموعی بجلی کی پیداوار یا ترسیل کے نظام پر کوئی نمایاں اثر نہیں پڑا۔

’’دی ٹیلی گراف‘‘ کے مطابق اگرچہ برطانیہ کے اہم انفرااسٹرکچر کو سائبر حملوں کا نشانہ بنائے جانے کے خطرات کے حوالے سے متعدد مرتبہ خبردار کیا جاتا رہا ہے، تاہم اس سے قبل کسی ہیکر کے برطانوی پاور پلانٹ کو مکمل طور پر بند کرنے میں کامیاب ہونے کی اطلاع سامنے نہیں آئی۔

ماہرین کے مطابق اس سائبر حملے کا ممکنہ مقصد ایرانی پاسداران انقلاب سے منسلک ہیکرز کی صلاحیت کا مظاہرہ کرنا ہوسکتا ہے کہ وہ برطانیہ کے حساس نظام تک رسائی حاصل کرنے اور اہم تنصیبات کو متاثر کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

برطانوی اخبار کی رپورٹ کے بعد اہم قومی تنصیبات کی سائبر سکیورٹی اور ممکنہ بیرونی خطرات کے حوالے سے نئے خدشات بھی سامنے آئے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US