پنجاب حکومت نے سیکیورٹی خدشات کے باعث صوبے بھر میں دفعہ 144 کے تحت ڈرون کے کھلے عام استعمال پر عائد پابندی میں مزید 30 روز کی توسیع کر دی ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق آؤٹ ڈور ڈرون آپریشنز پر پابندی سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر برقرار رکھی گئی ہے جبکہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو احکامات پر سختی سے عملدرآمد کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ہالز اور مارکیز میں ہونے والی تقریبات کے دوران چھوٹے ڈرونز کے محدود استعمال کی اجازت ہوگی تاہم اندرونی تقریبات میں ڈرون کے محفوظ استعمال کی تمام تر ذمہ داری منتظمین پر عائد ہوگی۔
محکمہ داخلہ کے مطابق دفعہ 144 کے تحت عائد پابندی کا اطلاق انٹیلی جنس اداروں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر نہیں ہوگا۔ متعلقہ ادارے اپنے سرکاری اور آپریشنل امور کے لیے ڈرون استعمال کرسکیں گے۔
حکام کے مطابق ڈرون کے مخصوص اور منظور شدہ استعمال کے لیے ضلعی سطح پر سیف ڈرون یوزیج کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی۔ کمیٹی کی تحریری اجازت کے بعد زرعی، آبپاشی، تحقیقی اور دیگر منظور شدہ مقاصد کے لیے ڈرون کے استعمال کو پابندی سے مستثنیٰ قرار دیا جاسکے گا۔
حکومت نے واضح کیا ہے کہ اجازت کے بغیر کھلی فضا میں ڈرون اڑانے کی پابندی بدستور نافذ رہے گی۔