محمود اچکزئی دہشت گردوں کا نام نہ لے کر غلط بیانی کر رہے ہیں، ضیاء اللہ لانگو

image

وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردوں کا نام لینے سے گریز کرنا خوف کی علامت ہے، جبکہ اس طرزِ عمل سے عوام کو اصل حقائق سے دور رکھا جا رہا ہے۔

ضیاء اللہ لانگو کا کہنا تھا کہ سرانان حملے کی ذمہ داری متعلقہ دہشت گرد تنظیم خود قبول کر چکی ہے، اس کے باوجود محمود خان اچکزئی دہشت گردوں کا نام لینے کے بجائے سارا معاملہ حکومت کے کھاتے میں ڈال رہے ہیں۔

وزیر داخلہ بلوچستان نے الزام عائد کیا کہ بعض سیاسی رہنما اپنی جان کے خوف کے باعث دہشت گرد تنظیموں کا نام لینے سے گریز کرتے ہیں اور عوام کے سامنے حقائق بیان کرنے کے بجائے ابہام پیدا کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کچھ سیاسی رہنما شارٹ کٹ اختیار کرتے ہوئے ہر واقعے کی ذمہ داری حکومت پر عائد کردیتے ہیں، حالانکہ ایک حقیقی سیاسی قیادت کو مشکل حالات میں عوام کے درمیان موجود رہ کر انہیں درست حقائق سے آگاہ کرنا چاہیے۔

میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ بلوچستان کے عوام سے اصل حقائق چھپا کر تمام تر ذمہ داری حکومت پر ڈالنا درست طرزِ عمل نہیں۔ ان کے بقول پشتون عوام کو حقیقت بتانے کے بجائے غلط سمت دکھانا پشتون دوستی نہیں بلکہ ان کے ساتھ ناانصافی کے مترادف ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US