ایران کو آبنائے ہرمز عالمی تجارت کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، امریکی وزیر خزانہ

image

امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے کہا ہے کہ ایران کو آبنائے ہرمز کو عالمی معیشت اور بین الاقوامی تجارت پر دباؤ ڈالنے کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

امریکی محکمہ خزانہ کے مطابق اسکاٹ بیسنٹ نے بحرین کے وزیر خزانہ شیخ سلمان بن خلیفہ آل خلیفہ سے ٹیلی فون پر گفتگو کی جس میں ایران پر اقتصادی دباؤ سمیت آپریشن اکنامک آؤٹ کاسٹ کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

گفتگو کے دوران آبنائے ہرمز کی صورتحال بھی زیر بحث آئی۔ امریکی وزیر خزانہ نے کہا کہ ایران کو عالمی تجارت کے لیے خطرہ پیدا کرنے یا آبنائے ہرمز کو عالمی معیشت کے خلاف دباؤ کے ذریعے کے طور پر استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

اسکاٹ بیسنٹ نے ایران پر مسلسل مالی دباؤ برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایران کی معیشت کو سہارا دینے والے باقی مالی ذرائع اور اقتصادی راستوں کو محدود کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا ایران کی حکومت کو مالی مدد یا سہولت فراہم کرنے والے عناصر کو جواب دہ بنائے گا۔

امریکی محکمہ خزانہ کے مطابق دونوں وزرائے خزانہ نے امریکا، بحرین اور خلیج تعاون کونسل (GCC) کے دیگر رکن ممالک کے درمیان مسلسل رابطے اور تعاون کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

دونوں عہدیداروں نے غیر قانونی مالی سرگرمیوں کے خلاف مشترکہ کوششیں مضبوط بنانے اور خطے کی اقتصادی سلامتی بہتر کرنے پر اتفاق کیا، جس میں مالیاتی نظام کے غلط استعمال اور غیر قانونی مالی لین دین کی روک تھام بھی شامل ہے۔

آبنائے ہرمز عالمی تجارت اور توانائی کی ترسیل کے لیے انتہائی اہم سمندری گزرگاہ ہے جہاں سے خلیج فارس سے عالمی منڈیوں تک تیل اور گیس کی بڑی مقدار منتقل ہوتی ہے۔ اس راستے میں کسی بھی رکاوٹ سے عالمی توانائی کی قیمتوں اور بین الاقوامی تجارت پر اثر پڑ سکتا ہے۔

ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی کے تناظر میں آبنائے ہرمز کا معاملہ عالمی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US