کویت کے وزیر دفاع شیخ عبداللہ علی عبداللہ السالم الصباح نے ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ جی ایچ کیو راولپنڈی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے اہم ملاقات کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق وفد میں کویتی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل خالد درج سعد الشریان بھی شامل تھے۔
ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال اور دوطرفہ دفاعی تعاون کے فروغ پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر دونوں فریقین نے ادارہ جاتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور باہمی دفاعی تعاون کا دائرہ کار وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
کویتی وفد نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی مسلح افواج کی اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور آپریشنل خدمات کو سراہا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ یہ ملاقات دونوں ممالک کے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور علاقائی سلامتی و استوار نظام کو فروغ دینے میں اہم ثابت ہوگی۔