جماعت اسلامی کا پیٹرولیم لیوی کے خلاف 3 ستمبر کو ملک گیر ہڑتال کا اعلان

image

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے پیٹرولیم لیوی اور مہنگائی کے خلاف 3 ستمبر کو ملک گیر پُرامن ہڑتال کا اعلان کردیا۔

کراچی، لاہور اور پشاور سمیت مختلف شہروں میں جماعت اسلامی کے دھرنے 13ویں روز بھی جاری ہیں۔ لاہور میں وزیراعلیٰ ہاؤس کے باہر دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ اب احتجاج کا دائرہ کئی شہروں تک پھیل چکا ہے۔

انہوں نے حکومت کو خبردار کیا کہ عوام کو ریلیف نہ دیا گیا تو احتجاج دھرنوں سے نکل کر بازاروں اور سڑکوں تک پھیلایا جائے گا، جبکہ عوام کے ہمراہ اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ بھی کیا جاسکتا ہے۔

حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ حکمرانوں نے ٹیکسوں اور مہنگائی کا بوجھ عوام پر ڈال کر انہیں بنیادی حقوق سے محروم کردیا ہے، اب ڈرامے بازی ختم کرکے عوام کو حقیقی ریلیف دینا ہوگا۔

انہوں نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکمرانوں کے پاس نہ کوئی وژن ہے اور نہ صلاحیت، ان کا واحد وژن عوام پر بوجھ ڈالنا ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے پی آئی ایم ایس اسپتال میں بچوں کی ہلاکت کے معاملے پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعات انتظامی نااہلی کا نتیجہ ہیں اور اسپتال میں حفاظتی اقدامات اور عملے کی مناسب تربیت کا نظام موجود نہیں تھا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US