قانون ہاتھ میں لینے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا: وفاقی وزیر داخلہ

image

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے فیڈرل کانسٹیبلری ٹریننگ سینٹر شب قدر کا دورہ کرکے اینٹی رائٹ ونگ کی خصوصی تربیتی مشقوں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور آپریشنل تیاری کو سراہتے ہوئے کہا کہ فورس کو جدید خطوط پر تربیت دی گئی ہے اور ریاست امن و امان برقرار رکھنے کی اپنی ذمہ داری ہر صورت پوری کرے گی۔

وفاقی وزیر نے واضح کیا کہ قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے پرامن احتجاج ہر شہری کا حق ہے لیکن ملک کے امن و استحکام کو سبوتاژ کرنے یا قانون ہاتھ میں لینے والے عناصر سے سختی سے نمٹا جائے گا۔

دورے کے دوران انہوں نے تمام جوانوں کو گیس ماسک اور بین الاقوامی معیار کا جدید پروٹیکشن گیئر فراہم کرنے، ایف سی ہیڈکوارٹر میں عالمی معیار کے سوئمنگ پول سمیت کھیلوں کی سہولیات دینے اور بیرکس کے تمام واش رومز ازسرنو تعمیر کرنے کی ہدایت کی۔

اس موقع پر انہوں نے اہلکاروں سے مسائل دريافت کیے اور ایک اہلکار کی والدہ کے کینسر کے علاج کے لیے فوری اقدامات کا حکم بھی دیا۔

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US