پاکستان کی قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے کوچنگ اسٹاف نے سابق کپتان سلمان بٹ کے شو "اسٹریٹ ڈرائیو" میں شرکت کی، جہاں انہوں نے ٹیم کے دورہ انگلینڈ کی تیاریوں اور کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے حوالے سے گفتگو کی۔ شو میں فاسٹ باؤلنگ کوچ راؤ افتخار انجم، اسپن باؤلنگ کوچ زوہیب خان، فیلڈنگ کوچ ہمایوں فرحت، فزیو تھراپسٹ عبیداللہ اور اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشننگ کوچ ابرار احمد شامل تھے۔
فاسٹ باؤلنگ کوچ راؤ افتخار انجم نے بتایا کہ وہ نوجوان کھلاڑیوں کو فاسٹ باؤلنگ کو بطور ایک آرٹ سکھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انگلینڈ جانے والے سکواڈ میں شامل قد آور اور باصلاحیت فاسٹ باؤلر رضوان اللہ پر خاص توجہ دی جا رہی ہے۔ اس کے علاوہ، باؤلرز کی بیٹنگ پریکٹس پر بھی کام کیا جا رہا ہے تاکہ نچلے نمبروں پر آ کر رنز بنانے کی عادت ابتدائی سے ہی پختہ ہوسکے۔
اسپن باؤلنگ کوچ زوہیب خان نے کہا کہ انڈر 19 ٹیم میں ہر قسم کی اسپن ورائٹی موجود ہے، جس میں لیفٹ آرم اسپنر، لیفٹ آرمرسٹ اسپنر، لیگ اسپنر اور آف اسپنر شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ہر ٹریننگ سیشن سے پہلے وہ اسپنرز کو پچ پڑھنے کی تکنیک سکھاتے ہیں اور باؤلنگ میں کلائی کے بہترین استعمال کی اہمیت پر زور دیتے ہیں۔
فیلڈنگ کوچ ہمایوں فرحت کا کہنا تھا کہ فیلڈنگ ایک ایسا شعبہ ہے جس میں جب تک کھلاڑی بذاتِ خود دلچسپی نہ لے، بہتری آنا ممکن نہیں ہوتی۔ انہوں نے وکٹ کیپر حمزہ ظہور کی تعریف کرتے ہوئے انہیں ایک بہترین وکٹ کیپر قرار دیا جو ٹیم کی ضرورت کے مطابق کسی بھی نمبر پر بیٹنگ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔