پاکستان مسلم لیگ (ن) کے بیرسٹر افتخار گیلانی آزاد جموں و کشمیر کے 17 ویں وزیرِ اعظم منتخب ہوگئے ہیں۔
قانون ساز اسمبلی میں ہونے والی رائے شماری میں انہوں نے 30 ووٹ حاصل کیے، جبکہ ان کے مدِمقابل پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار سردار مختار خان 14 ووٹ حاصل کرسکے۔
افتخار گیلانی حالیہ انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر ٹیکنوکریٹ کی نشست سے قانون ساز اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے ہیں۔ انہیں مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف نے اس عہدے کے لیے نامزد کیا تھا۔
وہ اس سے قبل 2011ء میں پہلی بار قانون ساز اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے تھے اور آزاد کشمیر کے وزیرِ تعلیم کے طور پر بھی ذمہ داریاں سرانجام دے چکے ہیں۔
آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی میں اس وقت مسلم لیگ (ن) کے اراکین کی تعداد 32 اور پیپلز پارٹی کے اراکین کی تعداد 14 ہے، جبکہ 7 نشستوں پر انتخابات ہونا ابھی باقی ہیں۔