لاہور: ای اسپورٹس نیشنل چیمپئن شپ کے سلسلے میں میگا تقریب، 30 لاکھ روپے انعام کا اعلان

image

پنجاب اسٹیڈیم میں ای اسپورٹس نیشنل چیمپئن شپ کے سلسلے میں ایک میگا تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں صوبائی وزیر کھیل فیصل ایوب کھوکھر نے ملک بھر سے آنے والی 16 ٹیموں کے کپتانوں سے ملاقات کی۔

اس دو روزہ میگا ایونٹ میں ملک بھر کے بہترین ای اسپورٹس کھلاڑی ایکشن میں نظر آئیں گے، جس کا سیمی فائنل 29 اگست اور فائنل 30 اگست کو کھیلا جائے گا۔ تقریب میں سیکریٹری اسپورٹس پنجاب فضل الرحمن، ڈی جی اسپورٹس محمد طارق قریشی اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

صوبائی وزیر کھیل فیصل ایوب کھوکھر نے بتایا کہ اس میگا ایونٹ میں کھلاڑیوں کے لیے 30 لاکھ روپے کا کیش پرائز رکھا گیا ہے جبکہ 7,000 کھلاڑیوں کی شرکت نے پاکستان میں ای اسپورٹس کی مقبولیت کو ثابت کردیا ہے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ پنجاب میں جدید سہولیات پر مشتمل ای گیمز بلڈنگ قائم کی جائے گی اور حکومت آئندہ بھی ای اسپورٹس مقابلوں میں نوجوانوں کو مزید سپورٹ فراہم کرے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ نوجوانوں کے لیے اس شعبے میں نئے مواقع پیدا کیے جا رہے ہیں تاکہ وہ عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کر سکیں، جبکہ حکومت ای اسپورٹس کے ساتھ ساتھ فزیکل اسپورٹس کے فروغ کے لیے بھی اقدامات کر رہی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US