سانحہ پمز کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ وزیراعظم کو پیش، ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی سفارش

image

سانحہ پمز کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ وزیراعظم کو پیش کردی گئی۔ ذرائع کے مطابق انکوائری کمیٹی کے سربراہ سابق سیکریٹری داخلہ شاہد خان نے رپورٹ جمع کرائی، جس پر تمام اراکین کے دستخط موجود ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ رپورٹ میں سانحے کی وجوہات اور ذمہ داروں کا تعین کیا گیا ہے جبکہ غیر حاضر متعلقہ عملے کے خلاف کارروائی کی سفارش بھی کی گئی ہے۔ ریسکیو ٹیموں کو درپیش مشکلات، اسپتال انتظامیہ اور ڈاکٹروں کے انٹرویوز سمیت فائر بریگیڈ اور ریسکیو ٹیموں کے بیانات بھی رپورٹ کا حصہ ہیں۔

رپورٹ میں پمز میں علاج کی سہولیات اور فائر سیفٹی کے انتظامات کو ناکافی قرار دیتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف فوری کارروائی کی سفارش کی گئی ہے۔

دوسری جانب وزیر صحت مصطفیٰ کمال کی ہدایت پر وفاق کے زیر انتظام تمام سرکاری اسپتالوں میں فوری فائر سیفٹی آڈٹ شروع کرنے کا حکم دے دیا گیا۔ آڈٹ میں فائر الارم، فائر فائٹنگ آلات، ایمرجنسی ایگزٹ، انخلا کے راستوں، بجلی اور دیگر ممکنہ فائر ہیزرڈز کا جائزہ لیا جائے گا۔

سانحہ پمز کے بعد اعلیٰ سطح کی انسپکشن ٹیم کا آج اسپتال کا دورہ متوقع ہے، جبکہ کلینیکل اور نان کلینیکل شعبوں کے سربراہان کی چھٹیاں منسوخ کرکے 29 اگست کو ان کی حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کردی گئی ہے۔ ٹیم مختلف شعبوں کا معائنہ اور بریفنگ لے گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US