وسیم اکرم نے اہلیہ شنیرا کے حج پر ساتھ نہ جانے کی وجہ بتادی

image

بہت سے لوگ سوشل میڈیا پر مجھ سے پوچھ رہے تھے کہ شنیرا میرے ساتھ حج کرنے کیوں نہیں گئیں۔ میرے خیال میں شنیرا کا پہلا قدم عمرہ ہونا چاہیے تاکہ وہ اس کے بارے میں سمجھ سکیں، اس کے بعد ہم حج کے لیے جائیں گے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور لیجنڈری فاسٹ بولر وسیم اکرم نے حال ہی میں اہلیہ شنیرا اکرم کے ہمراہ ملیحہ رحمان کے پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنی ذاتی زندگی سے متعلق کئی باتیں شیئر کیں۔

وسیم اکرم سے اکثر سوشل میڈیا پر یہ سوال کیا جا رہا تھا کہ جب وہ حج کی سعادت حاصل کرنے گئے تو شنیرا اکرم ان کے ہمراہ کیوں نہیں تھیں۔ اب سابق کرکٹر نے خود اس سوال کا جواب دیتے ہوئے بتایا کہ شنیرا پہلے عمرہ کرنا چاہتی ہیں تاکہ وہ اس روحانی سفر کو بہتر طور پر سمجھ سکیں، جس کے بعد دونوں ان شاء اللہ ساتھ حج کریں گے۔

شنیرا اکرم نے بھی اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، ’’انہیں بھی پہلے اکیلے جانا ضروری تھا۔ میرا خیال ہے کہ جب وہ حج پر پوری توجہ مرکوز کیے ہوئے تھے تو ان کے لیے آخری چیز یہ ہونی چاہیے تھی کہ وہ میرے بارے میں سوچیں۔ میں یہ نہیں کہہ رہی کہ میں ان کے ساتھ نہیں جاؤں گی، لیکن میں نہیں چاہتی تھی کہ یہ خاص وقت کسی بھی طرح ان کی توجہ ہٹائے۔‘‘

انہوں نے مزید کہا، ’’ہاں، ہم ایک دن ان شاء اللہ ساتھ جائیں گے۔ میرے خیال میں یہ ان کا اپنا روحانی سفر تھا اور انہیں اسے اسی طرح محسوس اور منانا چاہیے تھا۔‘‘

وسیم اکرم نے حج کے تجربے کو اپنی زندگی کا ایک انتہائی خوبصورت اور یادگار تجربہ قرار دیا اور بتایا کہ یہ ان کے لیے سالگرہ کا تحفہ بھی تھا۔

یوں وسیم اور شنیرا کی گفتگو نے ان مداحوں کے سوال کا جواب دے دیا جو کافی عرصے سے یہ جاننا چاہتے تھے کہ شنیرا نے اس مقدس سفر میں اپنے شوہر کا ساتھ کیوں نہیں دیا۔ وسیم اکرم کے مطابق دونوں مستقبل میں ان شاء اللہ ایک ساتھ حج کی سعادت حاصل کریں گے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US