محمد عباس کی لارڈز ٹیسٹ میں 5 وکٹیں، تاریخ رقم کرنے والے ساتویں پاکستانی بولر بن گئے

image

پاکستان کے فاسٹ بولر محمد عباس نے انگلینڈ کے خلاف لارڈز ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 22 اوورز میں 3 میڈن اوورز کے ساتھ 57 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کرلیں۔

سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے 36 سالہ محمد عباس کا یہ 32واں ٹیسٹ ہے اور ان کے کیریئر کی 57 اننگز میں یہ 8واں موقع ہے کہ انہوں نے کسی اننگز میں 5 یا اس سے زائد وکٹیں لیں۔ اپریل 2017 میں کنگسٹن جمیکا میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے محمد عباس اب تک 22.25 کی اوسط سے 1121.3 اوورز میں 128 کھلاڑیوں کو آؤٹ کر چکے ہیں۔

لارڈز کے تاریخی میدان پر یہ محمد عباس کی پہلی پانچ وکٹ کی پرفارمنس ہے، جبکہ وہ اس گراؤنڈ پر ایک اننگز میں 5 وکٹیں لینے والے پاکستان کے ساتویں بولر بن گئے ہیں۔

ان سے قبل جون 1954 میں خان محمد مرحوم لارڈز میں پاکستان کے پہلے بولر تھے جنہوں نے 61 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ اس فہرست میں دیگر پاکستانی بولرز میں مدثر نذر (1982 میں 32 رنز دے کر 6 وکٹیں)، وقار یونس (1992 میں 91 رنز دے کر 5 وکٹیں)، مشتاق احمد (1996 میں 57 رنز دے کر 5 وکٹیں)، محمد عامر (2010 میں 84 رنز دے کر 6 وکٹیں) اور یاسر شاہ (2016 میں 72 رنز دے کر 6 وکٹیں) شامل ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US