انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی آئندہ بورڈ اور چیف ایگزیکٹو کمیٹی کی میٹنگز رواں برس اکتوبر یا نومبر میں انڈونیشیا کے تفریحی شہر بالی میں منعقد کیے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع و میڈیا رپورٹس کے مطابق اس سالانہ اہم اجلاس میں کرکٹ کے مستقبل کے حوالے سے کئی کلیدی فیصلے متوقع ہیں، جبکہ بالی کو آئندہ فرنچائز لیگ کرکٹ کے ایک اہم مرکز اور وینیو کے طور پر بھی دیکھا جا رہا ہے۔
اس اجلاس میں بنیادی طور پر پہلے ویمنز چیمپئنز ٹرافی کے انعقاد اور اس کے وینیو کا حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ رپورٹ کے مطابق کرکٹ بورڈ میں حکومتی مداخلت کے باعث اس ایونٹ کی میزبانی سری لنکا سے واپس لی جا رہی ہے۔
آئندہ برس فروری میں مجوزہ اس ٹورنامنٹ کے لیے اب بھارت میزبانی کے مضبوط ترین امیدوار کے طور پر سامنے آیا ہے، تاہم 21 جنوری سے 3 مارچ کے دوران آسٹریلیا کے دورہ بھارت کے مصروف شیڈول کو مدنظر رکھتے ہوئے آئی سی سی کی جانب سے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) سمیت دیگر وینیوز کے آپشنز پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔