امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی میڈیا 'فوکس نیوز' کو دیے گئے ایک انٹرویو میں ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق اپنے مؤقف کا تکرار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تہران کو کسی صورت جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرنے دیے جائیں گے۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایرانی قیادت انتہائی پرتشدد اور بری ہے، اور اگر ایران کو جوہری ہتھیار مل جاتے تو وہ ان کا استعمال ضرور کرتا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایران جوہری ہتھیار استعمال کرتا تو پورا مشرقِ وسطیٰ اور اسرائیل تباہ ہوچکے ہوتے، جس کے بعد امریکا یا یورپ بھی اس کے ممکنہ نشانے پر آ سکتے تھے۔
ایران کو ایک ناکام ریاست قرار دیتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ جنگ کے آغاز میں جب تہران نے خلیجی ممالک کو نشانہ بنانا شروع کیا تو وہ خود بھی حیران رہ گئے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس اقدام کو انہوں نے ایک طرح سے بہتر ہی سمجھا، کیونکہ اس کے نتیجے میں ایران کو حاصل تمام علاقائی و بین الاقوامی حمایت کا خاتمہ ہوگیا۔