سندھ کے 22 سرکاری اسپتالوں کی فائر سیفٹی رپورٹس حکومت کو جمع کرا دی گئی ہیں جن میں بڑے اسپتالوں میں فائر الارم اور واٹر اسپرنکلرز کی عدم موجودگی کا انکشاف ہوا ہے۔
رپورٹ کے مطابق سول اسپتال کراچی، جناح اسپتال اور این آئی سی ایچ سمیت کئی بڑے طبی مراکز میں فائر الارم اور اسپرنکلرز موجود نہیں جبکہ متعدد اسپتالوں کی الیکٹرک وائرنگ بھی مرمت طلب ہے۔
این آئی سی ایچ میں 135 فائر ایکسٹنگویشرز میں سے 40 خراب پائے گئے، جبکہ لیاری جنرل اسپتال میں 700 بستروں کے مقابلے میں صرف 20 فعال فائر ایکسٹنگویشرز موجود ہیں۔
رپورٹ میں قطر اسپتال اورنگی، سعود آباد اسپتال، جی ایم ایم سی سکھر اور شہدادپور کے اسپتالوں میں بھی فائر سیفٹی کے انتظامات ناکافی قرار دیے گئے ہیں۔
دوسری جانب ایس ایم بی بی ٹراما سینٹر اور کورنگی چلڈرن انسٹیٹیوٹ کے فائر سیفٹی انتظامات تسلی بخش قرار دیے گئے ہیں۔ محکمہ صحت کے مطابق بعض بڑے طبی اداروں کا فائر سیفٹی ڈیٹا تاحال نامکمل ہے۔