کراچی کے جناح اسپتال میں سجاول سے تعلق رکھنے والے غریب کسان اللہ ڈنو کے علاج میں مبینہ غفلت کے باعث ان کا پاؤں کاٹنا پڑ گیا۔
تقریباً ساڑھے چار ماہ قبل اللہ ڈنو کے پاؤں میں ایک معمولی کانٹا چبھا تھا، جو وقت پر علاج نہ ملنے کی وجہ سے بگڑتا چلا گیا۔ متاثرہ کسان کا کہنا ہے کہ وہ مسلسل اسپتال کے چکر لگاتا رہا، لیکن انتظامیہ اور ڈاکٹرز اسے بار بار آگے کی تاریخیں دیتے رہے اور علاج شروع نہ کیا گیا۔
معاملہ اس وقت سامنے آیا جب نجی ٹی وی چینل نے اس خبر کو نشر کیا۔ خبر چلنے کے بعد جناح اسپتال انتظامیہ نے فوری طور پر تحرک لیتے ہوئے اللہ ڈنو کو داخل کیا اور ان کا طبی معائنہ شروع کیا۔ معائنے کے دوران معلوم ہوا کہ بروقت علاج نہ ہونے کے باعث زخم میں کینسر پھیل چکا ہے۔
ڈاکٹروں نے فوری سرجری کا فیصلہ کرتے ہوئے اہل خانہ کو خون کا انتظام کرنے کی ہدایت کی، جس کے بعد گزشتہ روز آپریشن کے ذریعے پاؤں کا کینسر سے متاثرہ حصہ کاٹ دیا گیا۔
ورثا کے مطابق مسیحاؤں کی مبینہ غفلت اور سرد مہری نے غریب کسان کو معذوری سے دوچار کردیا ہے، جس سے اس کی زندگی اور روزگار شدید متاثر ہوئے ہیں۔