ایرانی مسلح افواج کے سینئر ترجمان بریگیڈیئر جنرل ابوالفضل شکارچی نے دعویٰ کیا ہے کہ حالیہ جنگ کے دوران ایک ہزار سے زائد اسرائیلی اہلکار ہلاک اور ہزاروں زخمی ہوئے ہیں، جبکہ مارے جانے والے امریکی فوجیوں کی تعداد بھی سیکڑوں میں ہے۔
انہوں نے موقف اختیار کیا کہ امریکا اور اسرائیل اپنے اہلکاروں کی اصل ہلاکتوں کو چھپا رہے ہیں، بالکل اسی طرح جیسے انہوں نے ماضی میں افغانستان اور عراق کی جنگوں کے دوران کیا تھا اور ہلاک شدگان کی اصل تعداد اور ان کی باقیات بعد میں لواحقین کے حوالے کی تھیں۔
ایرانی ترجمان نے امریکی فوج کو 'ہالی ووڈ اور پروپیگنڈا فوج' قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران نے دنیا پر واضح کردیا ہے کہ امریکی طاقت اور صیہونی حکومت صرف ایک دکھاوے سے زیادہ کچھ نہیں ہیں، جو صرف مسلم ممالک کے وسائل کو لوٹنے پر توجہ مرکوز رکھتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جن ممالک نے اپنے ہاں امریکی ائیر بیسز قائم کر رکھی ہیں، اب انہیں بھی اس بات کا اندازہ ہوچکا ہے کہ جو امریکا خود اپنا تحفظ کرنے سے قاصر ہے، وہ کسی دوسرے ملک کی حفاظت کی ضمانت نہیں دے سکتا۔
ترجمان نے زور دے کر کہا کہ آیت اللہ خامنہ ای اور میناب اسکول کے طلبہ کی شہادت کا بدلہ ہر صورت لیا جائے گا۔