ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے کویت، بحرین، اردن اور عراق میں واقع امریکی فوجی اڈوں کو بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ بنایا ہے۔
پاسدارانِ انقلاب کے مطابق اردن کے کیمپ تیتن میں امریکی بحریہ کے اڈے پر بیلسٹک میزائل حملے میں متعدد امریکی فوجی ہلاک اور کئی ہیلی کاپٹر تباہ ہوئے، جبکہ پرنس حسن ایئر بیس پر حملے کے نتیجے میں امریکی ڈرونز، پائلٹ اور تکنیکی عملہ ہلاک ہوا ہے۔ ایران نے بحرین میں بھی امریکی اڈے کو ڈرون سے نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔
دوسری جانب امریکی حکام نے اردن میں جانی نقصان کے ایرانی دعوؤں کی تردید کی ہے۔ بحرین کے حکام نے بتایا ہے کہ آنے والے ایرانی ڈرونز کو تباہ کر دیا گیا تھا، جبکہ اردن کے مطابق اس کی فضائی حدود میں داخل ہونے والے 13 میں سے 10 بیلسٹک میزائلوں کو فضا ہی میں تباہ کر دیا گیا اور باقی 3 میزائل غیر آباد علاقوں میں گرے۔