ہڑتال کی آڑ میں حالات خراب کرنے کا نوٹس: وزیراعلیٰ کا شرپسندوں کے خلاف کارروائی کا حکم

image

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی کے علاقے کورنگی میں نامعلوم افراد کی جانب سے حالات خراب کرنے کی کوشش کا سخت نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پولیس کو واقعے کی فوری تحقیقات اور مکمل رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔

وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی ہے کہ شرپسند عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے اور شہر کا امن خراب کرنے کی کسی کو اجازت نہ دی جائے۔

سید مراد علی شاہ نے پولیس کو کورنگی اور اس کے اطراف کے علاقوں میں امن و امان کی صورتحال قابو میں رکھنے، گشت کو مزید مؤثر بنانے اور بالخصوص کورنگی کراسنگ پر موٹر سائیکلوں کو آگ لگانے میں ملوث افراد کو فوری گرفتار کرنے کی تاکید کی ہے۔

ترجمان وزیر اعلیٰ سندھ کے مطابق وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ شہریوں کے تحفظ اور امن و امان پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، اس لیے پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنائے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US