پیٹرولیم لیوی اور مہنگائی کے خلاف جماعت اسلامی کے دھرنے ختم کروانے کے لیے حکومتی وفد نے منصورہ میں جماعت اسلامی کی قیادت سے ملاقات کی جس کے بعد دونوں جانب سے مذاکراتی ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں۔
حکومتی وفد میں احسن اقبال، رانا ثنا اللہ اور خواجہ سلمان رفیق شامل تھے جبکہ جماعت اسلامی کی مذاکراتی کمیٹی کی قیادت نائب امیر لیاقت بلوچ کر رہے ہیں۔ حکومتی نمائندوں کا کہنا ہے کہ عوام کو ریلیف دینے کے لیے قابلِ عمل تجاویز پر بات چیت کی جائے گی۔
احسن اقبال نے کہا کہ حکومت نیک نیتی سے مذاکرات کے لیے آئی ہے اور موجودہ صورتحال میں ملک کو امن اور معاشی استحکام کی ضرورت ہے۔ رانا ثنا اللہ کے مطابق جماعت اسلامی نے عوامی ریلیف سے متعلق تجاویز دینے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
دوسری جانب حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی کے ملک بھر میں دھرنے جاری ہیں اور مذاکرات بھی ساتھ ساتھ چلتے رہیں گے۔ ان کے مطابق جماعت اسلامی کا مطالبہ پیٹرولیم لیوی اور پیٹرول کی قیمت میں کمی، بجلی کے نرخ کم کرنے، آئی پی پیز کے معاملات حل کرنے اور روٹی کی قیمت کم کرنے سمیت عوام کو ریلیف دینا ہے۔