وزیراعظم فیول ریلیف اسکیم: موٹر سائیکل اور 800 سی سی تک گاڑی مالکان کو ریلیف ملے گا، عطا تارڑ

image

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے تیل کی قیمتوں میں اضافے سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے مستحق افراد کے لیے خصوصی فیول ریلیف اسکیم کا اجرا کیا ہے، جس کے تحت موٹر سائیکل اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان کو ریلیف فراہم کیا جائے گا۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ مستحق افراد کو 9771 سے موصول ہونے والا ٹوکن پٹرول پمپ پر دکھانا ہوگا، جس کے بعد انہیں ریلیف فراہم کیا جائے گا۔ ایسا نظام اس سے قبل کبھی متعارف نہیں کروایا گیا، وزیراعظم نے عوام کے دکھ اور مشکلات کا احساس کرتے ہوئے خصوصی اسکیم کا اجرا کیا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم کی خصوصی ہدایت ہے کہ فیول ریلیف کی سہولت ملنے کے بعد ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں اضافہ نہیں ہونا چاہیے۔ حکومت کفایت شعاری کے لیے بھی متعدد اقدامات کر رہی ہے، بعض اقدامات جاری رکھے گئے ہیں جبکہ بعض کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

انہوں نے پاکستان تحریک انصاف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی کی حکومت ہے، اگر وہ بہتر طرز حکمرانی کی مثالیں قائم کرتے تو اچھا ہوتا۔ بدقسمتی سے ان کی دھرنوں کی کال کھوکھلی ثابت ہوئی ہے۔ پی ٹی آئی اپنے ساڑھے 12 سالہ دور حکومت میں صوبے میں عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کیے گئے کسی ایک مثالی منصوبے کی نشاندہی کرے۔

عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پی ٹی آئی کے کھوکھلے نعروں کی کوئی حیثیت نہیں، اسے دھرنوں کی سیاست چھوڑ کر عوام کی خدمت کی سیاست اپنانی چاہیے۔ خیبر پختونخوا میں کوئی ایک ایسا منصوبہ دکھایا جائے جس کی مثال دی جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ہمیشہ خدمت کی سیاست کو شعار بنایا، دانش اسکول اور میٹرو بس جیسے مثالی منصوبے دیے۔ پنجاب حکومت کے منصوبوں کو پوری دنیا میں پذیرائی مل رہی ہے، پنجاب کے بچے اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیے بیرون ملک یونیورسٹیوں میں جا رہے ہیں، جبکہ سوال یہ ہے کہ خیبر پختونخوا کے بچوں کو اعلیٰ تعلیم کی مناسب سہولتیں کیوں میسر نہیں۔

وزیر اطلاعات نے بجٹ کے حوالے سے کہا کہ وزیراعظم نے وعدہ کیا تھا کہ تنخواہ دار طبقے کے لیے بجٹ میں گنجائش پیدا کی جائے گی اور اس وعدے کو پورا کرتے ہوئے تنخواہ دار طبقے کے لیے ٹیکس سلیب میں کمی کی گئی۔ ایکسپورٹرز نے بھی بجٹ کو سراہا ہے۔ آئی ایم ایف پروگرام میں رہتے ہوئے حکومت نے ایسی اصلاحات کیں جنہیں عالمی سطح پر پذیرائی ملی۔

عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ جنگ کے باعث بحری جہازوں کی نقل و حرکت متاثر ہوئی ہے، تاہم آئل سپلائی کے مسائل کے باوجود بجلی کی لوڈشیڈنگ کو کم سے کم رکھا گیا ہے۔ بجلی کے شعبے میں تاریخی اصلاحات کی گئی ہیں، آئی پی پیز کے مسئلے کو حل کیا گیا اور عوام کے لیے گنجائش پیدا کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاور سیکٹر کے حوالے سے مزید اصلاحات کی جا رہی ہیں اور حکومت کی پوری توجہ توانائی کے شعبے میں اصلاحات پر مرکوز ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US