ای سی سی نے وزیراعظم فیول ریلیف اسکیم کیلیے 75 ارب روپے کی منظوری دے دی

image

وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس ہوا، جس میں وزیراعظم کی فیول ریلیف اسکیم پر غور کرتے ہوئے اس کے نفاذ کے لیے 75 ارب روپے کے ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹ (ٹی ایس جی) کی منظوری دے دی گئی۔

وزارت خزانہ کے مطابق فیول ریلیف اسکیم کا مقصد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات سے کم آمدنی والے طبقات کو ہدفی ریلیف فراہم کرنا ہے۔ اسکیم کے تحت موٹر سائیکل اور تین پہیوں والی گاڑیوں کے غیر تجارتی صارفین کو ہفتہ وار 500 روپے ریلیف دیا جائے گا، جو 100 روپے فی لیٹر کے حساب سے 5 لیٹر کے برابر ہوگا۔

800 سی سی تک کی گاڑیوں کے غیر تجارتی صارفین کو 10 دن کے لیے ایک ہزار روپے ریلیف فراہم کیا جائے گا، جبکہ ماہانہ بنیاد پر 30 لیٹر تک پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر کے حساب سے ریلیف دیا جائے گا۔

فیول ریلیف اسکیم صرف غیر تجارتی صارفین کے لیے مختص ہوگی اور ہر صارف یا مالک کو صرف ایک گاڑی پر ریلیف مل سکے گا۔ وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن ڈیجیٹل انتظام اور شفاف طریقے سے ریلیف کی فراہمی کے لیے فیول پاس سسٹم نافذ اور اس کا انتظام کرے گی۔

ای سی سی نے پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن (پی این ایس سی) کی ملکیت اور انتظامی کنٹرول کی ازسرنو تشکیل کے حوالے سے میری ٹائم افیئرز ڈویژن کی سمری بھی منظور کرلی۔ کمیٹی نے نجکاری کے وزیر کی سربراہی میں قائم عملدرآمد کمیٹی کی سفارشات کے مطابق عملدرآمد فریم ورک کی منظوری دی۔

اجلاس میں پاکستان آئل ریفائننگ پالیسی 2023 کے تحت موجودہ اور براؤن فیلڈ ریفائنریوں کی اپ گریڈیشن سے متعلق ڈرافٹ اپ گریڈ معاہدے کی بھی منظوری دی گئی۔ معاہدے کے تحت ریفائنری اپ گریڈیشن منصوبوں اور متعلقہ مراعات کے نفاذ و نگرانی کا فریم ورک وضع کیا جائے گا، جبکہ منصوبوں کی تکمیل کے لیے پانچ سال کی مدت مقرر ہوگی۔

ای سی سی نے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے مالی معاملات کے تصفیے کی تجویز بھی منظور کرلی۔ اس کے تحت جولائی 2025 سے جون 2026 تک کے غیر ایڈجسٹ شدہ ان پٹ سیلز ٹیکس کلیمز کا معاوضہ ان لینڈ فریٹ ایکویلائزیشن مارجن کے ذریعے ادا کرنے کے لیے عبوری طریقہ کار اختیار کیا جائے گا، تاہم دعوؤں کی تصدیق اور ضروری جانچ پڑتال یقینی بنائی جائے گی۔

اجلاس میں کمرشل بنیادوں پر استعمال شدہ گاڑیوں کی درآمد سے متعلق معیارات اور ضوابط کے جائزے کی سمری مؤخر کردی گئی۔ ای سی سی نے گاڑیوں کے درآمدی معائنہ نظام کا جائزہ لینے والی کمیٹی کی سفارشات حاصل کرکے سمری دوبارہ پیش کرنے کی ہدایت کی۔

ای سی سی نے ملک میں اضافی چینی کے ذخائر میں سے 2 لاکھ میٹرک ٹن چینی برآمد کرنے کی بھی منظوری دے دی۔ کمیٹی نے شوگر سے متعلق اسٹیئرنگ کمیٹی کی سفارشات منظور کرتے ہوئے مقامی مارکیٹ میں قیمتوں کے استحکام کو یقینی بنانے کے لیے مناسب حفاظتی اقدامات برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں ستمبر 2027 میں اسلام آباد میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کونسل اجلاس کے لیے 15 بلٹ پروف سیڈان گاڑیوں کی خریداری کی خاطر 3 ارب روپے کے ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹ کی بھی منظوری دی گئی۔ گاڑیوں کی خریداری کو سربراہان مملکت کی فول پروف سیکیورٹی اور محفوظ سفری انتظامات کے لیے ضروری قرار دیا گیا۔

ای سی سی نے ایس سی او سربراہی اجلاس کے لیے بروقت اور جامع تیاریوں کی ضرورت پر زور دیا۔ اجلاس میں کرغزستان میں حالیہ ایس سی او سربراہان مملکت اجلاس کے دوران کیے گئے اعلیٰ سطح کے انتظامات کو سراہتے ہوئے انہیں پاکستان میں ہونے والے اجلاس کے لیے قابل تقلید قرار دیا گیا۔

اجلاس میں وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین، وفاقی وزیر سرمایہ کاری قیصر احمد شیخ، وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان، وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری، وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک، وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ، وزیراعظم کے مشیر برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان، وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری محمد علی سمیت متعلقہ وزارتوں، ڈویژنز اور ریگولیٹری اداروں کے وفاقی سیکریٹریز اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US