بھارتی رکن اسمبلی بھکاری کا روپ دھار کر اپنی ہی بستی میں گھومتا رہا

image

میں نے تقریباً تین گھنٹے بھکاری کا روپ دھار کر اپنی ہی انتخابی حلقے کی سڑکوں پر وقت گزارا، لیکن حیرت کی بات یہ تھی کہ میرے سیکیورٹی گارڈ اور گھر والے بھی مجھے پہچان نہ سکے۔ اس تجربے نے مجھے غربت کو ایک نئے زاویے سے دیکھنے کا موقع دیا۔ میں نے لوگوں سے کھانے کے لیے مانگا تو کسی نے دال چاول دیے، کسی نے پانی دیا اور ایک شخص نے پانچ سموسے دے دیے۔ اس تجربے سے مجھے یہ احساس ہوا کہ جن لوگوں کے پاس خود بہت کم ہوتا ہے، وہ بھی دوسروں کی مدد کرنے کا جذبہ رکھتے ہیں۔

بھارت کی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (BJP) کے رکن اسمبلی پرگ شاہ نے ممبئی کے گھاٹ کوپر میں ایسا منفرد تجربہ کیا جس نے وہاں موجود لوگوں کو حیران کردیا۔ دو مرتبہ رکن اسمبلی منتخب ہونے والے پرگ شاہ نے اپنی شناخت چھپانے کے لیے بھکاری کا روپ دھارا اور تقریباً تین گھنٹے تک اپنے ہی حلقے میں گھومتے رہے۔

پرگ شاہ کے مطابق اس دوران ان کے سیکیورٹی گارڈز حتیٰ کہ خاندان کے افراد بھی انہیں پہچاننے میں ناکام رہے۔ انہوں نے لوگوں سے کھانے کے لیے مانگا اور اس دوران انہیں دال چاول، پانی اور پانچ سموسے ملے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پرگ شاہ نے بتایا کہ یہ غیر معمولی تجربہ ان کے جین مذہبی رہنما نمن منی مہاراج کی تجویز پر کیا گیا تھا۔ شاہ کا کہنا ہے کہ اس تجربے نے انہیں غربت اور عام لوگوں کی زندگی کو قریب سے سمجھنے کا موقع دیا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ پرگ شاہ نے 2024 کے انتخابی حلف نامے میں تقریباً 3 ہزار 383 کروڑ بھارتی روپے کے اثاثے ظاہر کیے تھے۔ ایسے میں ایک کروڑ پتی سیاستدان کا چند گھنٹوں کے لیے بھکاری کا روپ دھار کر لوگوں سے کھانا مانگنا سوشل میڈیا اور عوامی حلقوں میں خاصی توجہ کا باعث بن گیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US