سعودی عرب پر حوثیوں کا حملہ ناکام، 6 بیلسٹک میزائل تباہ

image

سعودی عرب پر حوثی ملیشیا کی جانب سے میزائل حملے کی کوشش ناکام بنا دی گئی، سعودی دفاعی نظام نے حوثیوں کی جانب سے داغے گئے 6 بیلسٹک میزائلوں کو فضا میں ہی تباہ کردیا۔

سعودی اتحاد کے ترجمان کے مطابق حوثیوں نے سعودی عرب کے اہم شہروں طائف اور ینبع کو بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنانے کی کوشش کی، تاہم سعودی عرب کے دفاعی نظام نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تمام میزائلوں کو کامیابی سے روک کر تباہ کردیا۔

ترجمان کے مطابق حوثیوں کی جانب سے میزائل حملہ سعودی عرب کے شہری علاقوں کو نشانہ بنانے کی کوشش تھی، تاہم جدید دفاعی نظام کی مؤثر کارروائی کے باعث میزائل اپنے اہداف تک پہنچنے میں ناکام رہے۔

حملے کے خدشے کے پیش نظر سعودی شہری دفاع نے مکہ مکرمہ، طائف، جدہ، ینبع اور تبوک کے علاقوں میں شہریوں کے لیے خطرے کا الرٹ جاری کیا تھا۔ شہریوں کو محتاط رہنے، محفوظ مقامات پر رہنے اور متعلقہ حکام کی جانب سے جاری کردہ حفاظتی ہدایات پر عمل کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔

سعودی حکام کی جانب سے جاری کردہ الرٹ کے بعد شہریوں میں تشویش پیدا ہوئی، تاہم صورتحال کا جائزہ لینے اور دفاعی اقدامات مکمل کیے جانے کے بعد حکام نے اعلان کیا کہ ممکنہ خطرہ ٹل گیا ہے اور شہری معمول کی سرگرمیاں جاری رکھ سکتے ہیں۔

سعودی حکام نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ ہنگامی صورتحال سے متعلق سرکاری اعلانات اور ہدایات پر نظر رکھیں اور غیر مصدقہ اطلاعات پر توجہ نہ دیں۔

سعودی عرب کی جانب سے حوثیوں کے میزائل حملوں کو روکنے کا یہ اقدام خطے میں جاری کشیدگی کے تناظر میں سامنے آیا ہے، جہاں حوثی گروپ ماضی میں بھی سعودی علاقوں کو میزائل اور ڈرون حملوں سے نشانہ بنانے کی کوششیں کر چکا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US