حوثیوں کا سعودی آرامکو ریفائنری پر حملے کا دعویٰ

image

یمن کے حوثیوں نے سعودی عرب کی سرکاری آئل کمپنی آرامکو کی ایک ریفائنری کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے، تاہم سعودی حکام یا آرامکو کی جانب سے حملے کی فوری طور پر تصدیق نہیں کی گئی۔

خبر رساں ادارے کے مطابق حوثیوں کا کہنا ہے کہ آرامکو کی تنصیب پر حملہ سعودی عرب کی جانب سے یمن کے دارالحکومت صنعا اور دیگر علاقوں میں کیے جانے والے حملوں کے ردعمل میں کیا گیا۔

سعودی سول ڈیفنس کے مطابق صوبہ عسیر کے گورنریٹ احد رفیدہ میں حوثیوں کی جانب سے داغا گیا ایک بیلسٹک میزائل فضا میں تباہ کیا گیا، تاہم میزائل کے ملبے کی زد میں آکر ایک شخص زخمی ہوگیا۔

سعودی حکام کے مطابق جنوبی شہر نجران میں بھی حوثیوں کے ایک پروجیکٹائل حملے کے نتیجے میں ایک اسکول کو نقصان پہنچا۔

دوسری جانب ایک عینی شاہد نے خبر رساں ادارے رائٹرز کو بتایا کہ ہفتے کے روز ریاض میں آرامکو کی ایک تنصیب کے قریب دھوئیں کے بادل بلند ہوتے دیکھے گئے، جس کے بعد فائر فائٹرز نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پانے کی کوشش کی۔

تاہم سعودی حکام نے آرامکو کی کسی تنصیب کو نشانہ بنائے جانے کی باضابطہ تصدیق نہیں کی، جبکہ آرامکو کی جانب سے بھی واقعے پر فوری طور پر کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔

حوثیوں نے گزشتہ ہفتے بھی سعودی عرب کے شہر ینبع میں آرامکو کی تنصیبات کو میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا تھا۔ اس وقت سعودی عرب کا کہنا تھا کہ اس نے طائف اور ینبع کی جانب داغے گئے 6 بیلسٹک میزائلوں کو روک لیا ہے، تاہم آرامکو کی تنصیبات کو پہنچنے والے ممکنہ نقصان کی تفصیلات فراہم نہیں کی گئی تھیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US