امریکی وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف بی آئی) کے ڈائریکٹر کاش پٹیل نے اپنی دیرینہ ساتھی اور کنٹری گلوکارہ الیکسس ولکنز سے منگنی کرلی۔
27 سالہ الیکسس ولکنز نے سوشل میڈیا پر منگنی کا اعلان کرتے ہوئے کاش پٹیل کے ہمراہ تصویر شیئر کی، جس میں وہ اپنی انگلی میں ہیرے کی انگوٹھی دکھاتی نظر آئیں۔ گلوکارہ نے تصویر کے ساتھ دلچسپ انداز میں کیپشن لکھا، “ہم قانون کو درمیان میں لے آئے۔”
کاش پٹیل نے بھی الیکسس ولکنز کی پوسٹ کو اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر دوبارہ شیئر کیا اور ساتھ دل اور انگوٹھی کے ایموجیز استعمال کیے۔
رپورٹس کے مطابق دونوں کی پہلی ملاقات 2022ء میں امریکی شہر نیش وِل میں ایک دوست کی تقریب کے دوران ہوئی تھی، جبکہ 2023ء میں ان کے درمیان باقاعدہ تعلق قائم ہوا۔
کاش پٹیل کی فروری 2025ء میں ایف بی آئی ڈائریکٹر کا منصب سنبھالنے کے بعد دونوں کے تعلق کو خاصی میڈیا توجہ حاصل ہوئی۔ اس دوران سرکاری طیارے کے مبینہ ذاتی استعمال اور الیکسس ولکنز کے ساتھ مختلف عوامی تقریبات میں شرکت کے حوالے سے بھی سوالات اٹھائے گئے۔