این سی سی آئی اے نے آن لائن ویزا فراڈ میں ملوث گینگ کو گرفتار کر لیا

image

نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے آن لائن ویزہ فراڈ میں ملوث ایک بڑے گروہ کو گرفتار کر لیا ملزمان شہریوں کو کینیڈا، اٹلی اور دیگر یورپی ممالک کے ویزوں کی پیشکش کرکے مبینہ طور پر فراڈ کرتے تھے متاثرین کی تعداد سینکڑوں میں ہونے کا امکان ہے۔

این سی سی آئی اے کے ایڈیشنل ڈائریکٹر نثار احمد خان کے مطابق ملزمان شہریوں کو جعلی دستاویزات فراہم کرتے تھے۔ کارروائی کے دوران قبضے میں لیے گئے چھ موبائل فونز اور لیپ ٹاپ کا فرانزک تجزیہ شروع کر دیا گیا ہے تاکہ مزید شواہد حاصل کیے جا سکیں۔

نثار احمد خان نے بتایا کہ راولپنڈی میں کام کرنے والے کال سینٹرز کی مانیٹرنگ بھی شروع کر دی گئی ہے۔ دوسری جانب این سی سی آئی اے کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر رانا محسن کے مطابق جرائم میں ملوث چھ کال سینٹرز کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 120 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جبکہ ان کے قبضے سے 800 موبائل فونز اور لیپ ٹاپ برآمد ہوئے۔

رانا محسن کے مطابق مذکورہ کال سینٹرز مبینہ طور پر رومانوی تعلقات کے نام پر فراڈ (رومانٹک اسکیم) اور سرمایہ کاری کے اسکینڈلز میں ملوث تھے۔

این سی سی آئی اے حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنا ذاتی اور مالیاتی ڈیٹا غیر متعلقہ افراد یا غیر تصدیق شدہ آن لائن پلیٹ فارمز پر شیئر کرنے سے گریز کریں۔ سائبر کرائم سے متعلق شکایات اور مدد کے لیے این سی سی آئی اے کی ہیلپ لائن 1799 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US