اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی دارالحکومت میں تمام اقسام کے شیشہ کیفے بند کرنے کا حکم دے دیا ہے، جبکہ نئے قواعد و ضوابط کی تیاری تک شیشہ کیفے بند رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے بغیر این او سی شیشہ کیفے چلانے سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران احکامات جاری کیے۔ عدالت نے شیشہ کیفوں کو پہلے سے جاری کیے گئے عدم اعتراض کے سرٹیفکیٹس (این او سیز) بھی واپس لینے کا حکم دیا ہے۔
عدالت نے قرار دیا کہ اسلام آباد میں شیشہ کیفوں سے متعلق نئے قواعد و ضوابط وضع ہونے تک کسی بھی قسم کے شیشہ کیفے کھولنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
کیس میں عدالتی حکم کے بعد وفاقی دارالحکومت میں شیشہ کیفوں کی سرگرمیاں بند ہونے کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔ عدالت کی جانب سے مقدمے کا تفصیلی تحریری فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔