وزیر خزانہ کی امریکی سفیر سے ملاقات، تجارت، توانائی اور معدنیات میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال

image

وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے امریکی محکمہ خارجہ کے سفیر یون سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور امریکا کے درمیان تجارت، توانائی، اہم معدنیات اور سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ اقتصادی تعاون بڑھانے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔

ملاقات کے دوران دونوں جانب سے تجارتی فریم ورک معاہدے پر پیش رفت اور امریکا سے درآمدات میں اضافے کے ذریعے پاکستان کے توانائی ذرائع میں تنوع پیدا کرنے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خزانہ نے ایندھن کی مسلسل فراہمی یقینی بنانے اور معاشرے کے کمزور طبقات کو ہدفی ریلیف فراہم کرنے کے لیے حکومتی اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔

گفتگو میں منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی معاونت کی روک تھام کے لیے کیے جانے والے اقدامات اور فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) سے متعلق پیش رفت بھی زیر بحث آئی۔

ملاقات میں امریکی انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ فنانس کارپوریشن (ڈی ایف سی) اور ایکسپورٹ امپورٹ بینک کے ذریعے مختلف منصوبوں کے لیے مالی معاونت کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر ریکو ڈک منصوبے، اہم معدنیات کے شعبے میں تعاون، منصوبے کے تحفظ اور نجی شعبے کی سرمایہ کاری کے مواقع پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں جانب سے بوئنگ طیاروں کی خریداری، ان کے لیے مالی معاونت اور ہوا بازی کے شعبے سے متعلق منظوریوں کے امور پر بھی گفتگو ہوئی۔

ملاقات میں ڈیجیٹل اثاثوں کے لیے ضابطہ جاتی نظام کی تشکیل اور ترسیلات زر و یورو بانڈز کی ٹوکنائزیشن کے ممکنہ استعمال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں پاکستان اور امریکا کے درمیان اقتصادی روابط کو وسعت دینے، سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنے اور مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینے سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US