190 ملین پاؤنڈ کیس، بشریٰ بی بی کو ریلیف نہ مل سکا، سزا معطلی کی درخواست مسترد

image

وفاقی آئینی عدالت نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی درخواست مسترد کردی۔ چیف جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے درخواست پر فیصلہ سنایا۔

سماعت کے دوران بشریٰ بی بی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے مؤقف اختیار کیا کہ عدالتوں نے خواتین کے معاملے میں ہمیشہ نرم رویہ اختیار کیا ہے۔ انہوں نے نیب کے طرزِ عمل پر اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 13 ماہ کے دوران نیب نے متعدد سماعتوں پر التوا لیا جبکہ سزا معطلی کی درخواست کی بھی مخالفت کی۔

وکیل کا کہنا تھا کہ سزا کے بعد بشریٰ بی بی کی ضمانت کا قانونی جواز پیدا ہوچکا ہے اور انہوں نے خاتون ہونے کی بنیاد پر سزا معطل کرنے کی استدعا کی۔ ان کے مطابق کیس میں زیادہ تر توجہ بانی پی ٹی آئی کی اپیل پر رہی۔

اس موقع پر چیف جسٹس امین الدین خان نے ریمارکس دیے کہ عدالت اس مرحلے پر مقدمے کے میرٹ پر نہیں جائے گی کیونکہ اس کے سامنے سزا معطلی کی درخواست ہے۔ جسٹس باقر نجفی نے استفسار کیا کہ مرکزی اپیل کتنی مرتبہ سماعت کے لیے مقرر ہوئی ہے۔

عدالت نے بیرسٹر سلمان صفدر کو تحریری دلائل کے نکات جمع کرانے کا حکم دیا جبکہ چیف جسٹس نے فریقین کو فیصلے کا انتظار کرنے کی ہدایت کی بعد ازاں عدالت نے بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی درخواست مسترد کردی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US