گورنر راج کی منظوری کے لیے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس جاری

image

قومی اسمبلی اور سینیٹ نے خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ کی آئینی توثیق سے متعلق قراردادیں کثرتِ رائے سے منظور کر لی ہیں جبکہ صوبے میں گورنر راج کی منظوری کے لیے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس جاری ہے۔

گزشتہ روز قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاسوں میں آئین کے آرٹیکل 232 کے تحت خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ کی توثیق کے لیے قراردادیں وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے پیش کیں، جنہیں ایوانوں نے کثرتِ رائے سے منظور کر لیا۔

صدر مملکت نے 11 اکتوبر کو خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد آئینی تقاضوں کے مطابق پارلیمان سے اس کی توثیق کا عمل شروع کیا گیا۔

ایمرجنسی کے نفاذ کے معاملے پر اپوزیشن ارکان نے شدید مخالفت کرتے ہوئے ایوانوں میں نعرے بازی کی اور احتجاج ریکارڈ کرایا۔

قومی اسمبلی کے اجلاس کی صدارت اسپیکر سردار ایاز صادق نے کی۔ اجلاس کے دوران معمول کا وقفہ سوالات ملتوی کر دیا گیا جس کے بعد ایمرجنسی کی توثیق سے متعلق قرارداد پر تقریباً چار گھنٹے تک تفصیلی بحث ہوئی۔

پارلیمانی کارروائی کے اس مرحلے کے بعد آج پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں خیبر پختونخوا میں گورنر راج کے نفاذ کی منظوری سے متعلق معاملہ زیر غور آئے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US