وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان معاشی استحکام، مالیاتی نظم و ضبط، محصولات میں اضافے اور پائیدار معاشی ترقی کے لیے اصلاحاتی اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ نے تھائی لینڈ کے شہر بنکاک میں ورلڈ بینک گروپ اور عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے سالانہ اجلاسوں کے موقع پر جے پی مورگن کے سرمایہ کاری سیمینار میں شرکت کی۔ سیمینار کا موضوع ’’غیر یقینی عالمی معاشی صورتحال میں پاکستان کا پائیداری کی جانب سفر‘‘ تھا۔
سینیٹر محمد اورنگزیب نے سیمینار کے شرکاء کو پاکستان میں معاشی استحکام کے لیے ہونے والی پیش رفت، مالیاتی خسارے پر قابو پانے، محصولات بڑھانے اور مسلسل بنیادی بجٹ سرپلس برقرار رکھنے کی کوششوں سے آگاہ کیا۔
انہوں نے ترسیلات زر میں مضبوط کارکردگی، زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری، جاری کھاتے کے خسارے کو محدود رکھنے اور بیرونی قرضوں کی ادائیگیوں سے متعلق امور پر بھی روشنی ڈالی۔
وزیر خزانہ نے بین الاقوامی مالیاتی ذرائع میں تنوع پیدا کرنے اور مہنگے قرضوں کی جگہ نسبتاً موزوں مالیاتی ذرائع اختیار کرنے کے حکومتی اقدامات پر گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ ان کوششوں کا مقصد بیرونی قرضوں کے مجموعی حجم میں اضافہ کیے بغیر مالیاتی ضروریات پوری کرنا ہے۔
انہوں نے آئی ایم ایف پروگرام سے وابستگی برقرار رکھنے، ساختی اصلاحات جاری رکھنے اور مہنگائی پر قابو پانے کے لیے محتاط مالیاتی پالیسی اپنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
سیمینار میں کمزور اور مستحق طبقات کو ہدف بنا کر مالی معاونت فراہم کرنے، توانائی کی محتاط خریداری اور برآمدات پر مبنی پائیدار معاشی نمو کی اہمیت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان مالیاتی رابطہ کاری بہتر بنانے اور تجارت و سرمایہ کاری کے شعبوں میں بین الاقوامی شراکت داری کو فروغ دینے سے متعلق امور بھی زیر بحث آئے۔