وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پی ٹی آئی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ آج پنجاب مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے دور میں داخل ہو رہا ہے جبکہ خیبرپختونخوا پتھر کے دور میں ہے۔
ساہیوال میں طلبہ میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ پی ٹی آئی نے خود اپنی حکومت ختم کی اور یہ پہلا لانگ مارچ تھا جو اپنی ہی حکومت کے خاتمے پر ختم ہوا۔ انہوں نے خیبرپختونخوا حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اب وہاں کے عوام کو پتا چلے گا کہ ترقی کسے کہتے ہیں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ پنجاب میں 3 ہزار الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی، جبکہ تمام تحصیلوں میں بھی الیکٹرک بسیں فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ طلبہ کو اسکوٹیز صرف 3 ہزار روپے ماہانہ قسط پر دی جا رہی ہیں۔ ان کے مطابق پنجاب میں اے آئی لیبز قائم کی جا رہی ہیں اور سرکاری جامعات میں وائس چانسلرز کی تعیناتیاں میرٹ پر کی گئی ہیں۔