شہداء کی قربانیوں کو تنخواہ سے جوڑنا ناقابلِ فہم ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر کا مولانا فضل الرحمان کے بیان پر ردعمل

image

ڈی جی آئی ایس پی آر نے مولانا فضل الرحمان کے شہداء سے متعلق بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ شہادت کا فلسفہ اور شہداء پاکستان کی مسلح افواج کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، شہداء کی قربانیوں کی توہین کرکے بھارتی بیانیے کو تقویت دینا سمجھ سے بالاتر ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پاکستانی افواج کے جوان ملک و قوم کے دفاع کے لیے اپنی قیمتی جانیں قربان کردیتے ہیں۔ وطن کے دفاع میں جان کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کی قربانیوں کو محض تنخواہ سے جوڑنا ناقابلِ فہم ہے۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا کوئی شخص محض تنخواہ کے لیے اپنی قیمتی جان قربان کرنے کو تیار ہوگا؟ ایسی بات کرنا شہادت کے عظیم فلسفے اور وطن کے دفاع کے لیے جانیں نچھاور کرنے والے جوانوں کی قربانیوں کو نہ سمجھنے کے مترادف ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستانی افواج کے جوان ملک اور قوم کے تحفظ کے لیے اپنی زندگی قربان کرنے کے لیے ہر وقت تیار رہتے ہیں۔ شہداء کی قربانیاں پاکستان کے دفاع، سلامتی اور قومی وقار کی بنیاد ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی افواج اور خصوصاً کارگل کے شہداء کے بارے میں توہین آمیز گفتگو کرکے بھارتی مؤقف کو فروغ دینا افسوس ناک ہے۔ وطن کے دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھا جانا چاہیے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US