حرمین شریفین کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، ڈی جی آئی ایس پی آر

image

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور بالخصوص حرمین شریفین کا تحفظ پاکستان کی اولین ترجیح ہے اس معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوسکتا۔

عرب میڈیا کو خصوصی انٹرویو میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان کا پیغام ہماری سیاسی قیادت اور فیلڈ مارشل کے ذریعے پہلے ہی سامنے آ چکا ہے،سعودی عرب میں مقدس مقامات پر حملوں کے حوالے سے پاکستانی عوام، سیاسی اور عسکری قیادت میں شدید غم و غصہ ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ میں فوجی تنازع کو مزید پھیلانا کسی کے مفاد میں نہیں، مسائل کا حل مذاکرات کے ذریعے نکالنا ناگزیر ہے۔مذاکراتی حل میں ناکامی اور فوجی تصادم کی صورت میں مکہ الائنس کا اجتماعی ڈیٹرنس یقیناً حرکت میں آئے گا انہوں نے کہا کہ مکہ الائنس کا کوئی جارحانہ ارادہ نہیں بلکہ اس کا مقصد خطے میں امن، استحکام اور سلامتی کو فروغ دینا ہے۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے مزید کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ پورے خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی پر یقین رکھتے ہیں اور مسلمانوں کو آپس میں لڑنے کے بجائے متحد ہونے کی ضرورت ہے تنازعات کو کسی بھی سطح پر بڑھانے سے کسی کو فائدہ نہیں ہوگا اور یہ اتحاد کسی خاص ملک کے خلاف نہیں بلکہ اس کا بنیادی مقصد خطے میں امن، استحکام اور سلامتی کو فروغ دینا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US