پنجاب حکومت کا خفیہ کیمروں اور جاسوسی آلات کی خرید و فروخت پر پابندی کا فیصلہ

image

حکومتِ پنجاب نے شہریوں کی نجی زندگی اور ذاتی معلومات کے تحفظ کے لیے جاسوسی کے آلات کے استعمال اور خرید و فروخت پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

حکومتی فیصلے کے تحت خفیہ کیمروں اور ریکارڈنگ سسٹم سے لیس عینکوں، پین، گھڑیوں اور دیگر الیکٹرانک ڈیوائسز کے غیر قانونی استعمال کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

حکومت کے مطابق یہ اقدام بالخصوص خواتین اور بچوں کو ہراسانی، غیر قانونی نگرانی اور بلیک میلنگ جیسے واقعات سے محفوظ رکھنے کے لیے کیا جا رہا ہے۔ خفیہ ریکارڈنگ آلات کے ذریعے شہریوں کی نجی زندگی میں مداخلت اور ذاتی معلومات کے غلط استعمال سے متعلق شکایات سامنے آنے کے بعد اس معاملے پر سخت اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

حکومتِ پنجاب کا کہنا ہے کہ شہریوں کے بنیادی حقوق، نجی معلومات اور ذاتی زندگی کا تحفظ اولین ترجیحات میں شامل ہے، جبکہ خفیہ کیمروں سے لیس روزمرہ استعمال کی اشیاء کے غیر قانونی استعمال اور ان کی خرید و فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US