راولپنڈی مال روڈ پر خاتون کے ہمراہ موٹر سائیکل پر خطرناک انداز میں ون ویلنگ کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے پولیس موٹر وہیکل آرڈیننس کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔
پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ تھانہ کینٹ میں درج کیا گیا ہے۔ ایف آئی آر میں بتایا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو میں ایک نامعلوم لڑکا اور لڑکی کو جی پی او چوک سے معرکہ حق اسکوائر کی جانب جاتے ہوئے موٹر سائیکل پر انتہائی خطرناک انداز میں ون ویلنگ کرتے دیکھا گیا۔
ٹریفک پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شہر کی مصروف شاہراہ پر اس طرح کی لاپرواہی شہریوں کی جانوں کے لیے سنگین خطرہ ہے۔ سی ٹی او راولپنڈی کی ہدایت پر سیف سٹی کیمروں اور فرانزک شواہد کی مدد سے ویڈیو میں نظر آنے والے دونوں افراد کی شناخت کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔
پولیس حکام نے کہا ہے کہ ملزمان کی شناخت کے بعد انہیں گرفتار کرکے قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں گے۔