پی اے سی اجلاس: ڈاؤ یونیورسٹی کے 27 ملازمین کی ڈگریاں جعلی ثابت، برطرف کرنے کا حکم

image

سندھ اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پبلک اکاؤنٹس (پی اے سی) کے اجلاس میں انکشاف سامنے آیا ہے کہ ڈاؤ یونیورسٹی اف ہیلتھ سائنسز کے 27 ملازمین کی تعلیمی ڈگریاں جعلی ثابت ہوئی ہیں، جبکہ یونیورسٹی انتظامیہ کل 5 ہزار 350 میں سے 3 ہزار 4 سو ملازمین کی ڈگریاں تاحال ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) سے تصدیق کروانے میں ناکام رہی ہے۔

منگل کو چیئرمین پی اے سی نثار کھوڑو کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں اراکینِ کمیٹی قاسم سومرو، مخدوم فخرالزمان، وی سی ڈاؤ یونیورسٹی نازلی حسین اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں سال 2024 اور 2025 کے آڈٹ پیراز کا جائزہ لیا گیا۔

آڈٹ اعتراض کے جواب میں ڈاؤ یونیورسٹی کے ڈائریکٹر فنانس زین العابدین شاہ نے بتایا کہ ڈگریوں کی تصدیق کا عمل 73 لاکھ 60 ہزار روپے کے معاہدے کے تحت ایچ آر ایس جی کمپنی کو آؤٹ سورس کیا گیا ہے۔ اب تک 1,945 ملازمین کی ڈگریوں کی تصدیق کرائی گئی، جن میں سے 27 ملازمین کی ڈگریاں جعلی پائے جانے پر انہیں ملازمت سے برطرف کر دیا گیا ہے، جبکہ باقی 3,400 ملازمین کی ڈگریاں تصدیق کے مرحلے میں ہیں۔ وی سی نازلی حسین نے مزید بتایا کہ 70 فیصد سے زائد اکیڈمک ڈاکٹرز کی ڈگریوں کی تصدیق مکمل ہو چکی ہے اور باقی 25 فیصد پر کام جاری ہے۔

جعلی ڈگریوں والے ملازمین میں سید فرخ حسین، سید کاشف حسین، نبیل احمد، محمد اویس، محمد فہد میاں، مرزا عاطف بیگ، فیضان علی، عبدالناصر، بدر مجاہد، ریاض احمد، اویس احمد صدیقی، نوید ناریجو، محمد اعظم، مجید اقبال، محمد شہزاد رضا، محمد رضوان، رئیس احمد فاروقی، نظر الاسلام ہاشمی، محمد جمیل احمد، گلناز ندیم، محمد سمیع، سیف الدین، شمشاد صدیقی، محمد ابراہیم، اقرا جلیل، شہزاد پیٹرک اور آصف سومرو شامل ہیں، جن کی بی کام، بی اے، ایم کام، بی ایس سی، میٹرک، نرسنگ ڈپلومہ، ایم ایس سی (کمپیوٹر سائنس)، بی ای اور ڈاکٹر آف فارمیسی کی ڈگریاں جعلی ثابت ہوئیں۔

پی اے سی چیئرمین نثار کھوڑو نے جعلی ڈگریوں پر بھرتی ہونے والے تمام 27 ملازمین سے اب تک وصول کی گئی تمام تنخواہوں کی رقم واپس لینے کا حکم دیا اور صوبے کی تمام سرکاری جامعات سے اکیڈمک اسٹاف اور ملازمین کی ڈگریوں کی تصدیق کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی۔

یونیورسٹی کے مالی امور کا احوال بتاتے ہوئے ڈائریکٹر فنانس نے پی اے سی کو آگاہ کیا کہ ڈاؤ یونیورسٹی کا سالانہ بجٹ 26 ارب روپے ہے، جبکہ اکیڈمک سروسز، ریڈیالوجی، لیبارٹری اور دیگر ذرائع سے سالانہ 25 ارب روپے اور طلبہ کی فیسوں کی مد میں 4.5 ارب روپے کا ریونیو حاصل ہوتا ہے۔ وی سی نے بتایا کہ اوپن میرٹ کی 300 سے زائد نشستوں کی سالانہ فیس 60 ہزار روپے، سیلف فنانس کی 5 لاکھ روپے اور بین الاقوامی طلبہ کی فیس پی ایم ڈی سی کے مقرر کردہ اصولوں کے مطابق 10 سے 18 ہزار ڈالر ہے۔ پی اے سی چیئرمین نے تمام سندھ کے سول ہسپتالوں کی میڈیکل یونیورسٹیز سے الگ آڈٹ کا دن مقرر کرنے کی بھی ہدایت جاری کی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US