نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے امریکا کو مطلوب ملزم فہیم اکرم کو گرفتار کرلیا، ملزم پر جعلی امریکی ڈاک ٹکٹوں کی آن لائن فروخت کے ذریعے تقریباً 35 ارب روپے کے مبینہ فراڈ کا الزام ہے۔
ملزم کے خلاف مقدمہ نمبر 246/2026 درج کرکے تحقیقات کا دائرہ وسیع کردیا گیا ہے۔ ملزم پر الزام ہے کہ اس نے اگست 2023 سے ستمبر 2026 کے دوران ویب سائٹ LabelsBank.com کے ذریعے 50 لاکھ سے زائد جعلی امریکی ڈاک ٹکٹ فروخت کیے اور فی ڈاک ٹکٹ 2 امریکی ڈالر وصول کیے۔ حکام کے مطابق مبینہ فراڈ کی مجموعی مالیت تقریباً 35 ارب روپے بنتی ہے۔
تحقیقات کے دوران مبینہ فراڈ میں 16 بینک اکاؤنٹس استعمال کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے، جبکہ ملزم کے علاوہ اس کے بھائی، اہلیہ، بہن اور خالہ کے بینک اکاؤنٹس بھی تفتیش کے دائرے میں ہیں۔ حکام کے مطابق ملزم اور اس کے اہل خانہ کے اکاؤنٹس منجمد کروا کر مالی لین دین کی جانچ کی جا رہی ہے۔
حکام نے بتایا کہ ملزم کی گرفتاری کے لیے پنجاب، اسلام آباد اور سندھ میں 8 خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں، جنہوں نے 35 مقامات پر چھاپے مارے اور 47 افراد سے پوچھ گچھ کی۔ کارروائی کے دوران جدید ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کی مدد سے 122 کال ڈیٹا ریکارڈز، 50 آئی ایم ای آئی ٹریکنگ رپورٹس اور 120 کیمروں کی ویڈیو و آڈیو ریکارڈنگ کا تجزیہ کیا گیا۔ ملزم کی تلاش کے لیے 10 روز تک لوکیٹر آپریشن بھی جاری رہا۔
این سی سی آئی اے کے ایڈیشنل ڈائریکٹر عاطف امیر کے مطابق ملزم کی سرگرمیاں پاکستان کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کا باعث بن رہی تھیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کے بینک اکاؤنٹس میں کروڑوں روپے کی ٹرانزیکشنز سامنے آنے کے بعد 14 اگست کو مقدمہ درج کیا گیا تھا، جبکہ معاملے کے تمام پہلوؤں کی تحقیقات جاری ہیں۔