پنجاب میں 300 ارب روپے کے بلاسود قرضوں کا پروگرام شروع کرنے کا اعلان

image

صوبائی وزیر صنعت و تجارت پنجاب چوہدری شافع حسین نے رواں سال 300 ارب روپے کے بڑے کاروباری فنانسنگ پروگرام کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے تحت 10 کروڑ روپے تک کے بلاسود قرضے فراہم کیے جائیں گے۔

پنجاب اسمال انڈسٹریز کارپوریشن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس چوہدری شافع حسین کی زیر صدارت پیسک ہاؤس ڈیوس روڈ لاہور میں منعقد ہوا، جس میں صوبے میں صنعتی و تجارتی سرگرمیوں کے فروغ اور ادارے سے متعلق اہم امور کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں ملازمین کی پنشن سے متعلق فیصلے کے خلاف وفاقی آئینی عدالت میں اپیل دائر کرنے کی منظوری دی گئی۔ اس موقع پر چوہدری شافع حسین نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ کے ڈویژن بینچ کے فیصلے کو وفاقی آئینی عدالت میں چیلنج کیا جائے گا۔ انہوں نے صوبے کی 24 سمال انڈسٹریل اسٹیٹس میں بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے لیے جاری کام تیز کرنے کی بھی ہدایت کی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ منڈی بہاؤالدین میں پہلی اسمال انڈسٹریل اسٹیٹ قائم کر دی گئی ہے، جہاں صنعتی پلاٹوں کے حصول کا تمام عمل آن لائن ہوگا، جبکہ اوورسیز پاکستانیوں کے لیے 20 فیصد کوٹہ مختص کیا گیا ہے۔

صوبائی وزیر نے بتایا کہ وزیراعلیٰ آسان کاروبار فنانس اسکیم کے تحت کاروباری افراد کو سہولت فراہم کرنے کے لیے قرضوں کی فراہمی جاری ہے۔ اعلان کردہ پروگرام کے تحت 10 کروڑ روپے تک کے قرضے بلاسود ہوں گے، جبکہ 10 کروڑ سے ایک ارب روپے تک کے قرضوں پر 3 فیصد اور ایک ارب سے 5 ارب روپے تک کے قرضوں پر 5 فیصد مارک اپ وصول کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ صنعتی شعبے میں بنیادی سہولتوں کی بہتری اور کاروبار کے لیے مالی معاونت کے اقدامات صوبے میں صنعتی و تجارتی سرگرمیوں کو تیز کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US