پاکستان اور آذربائیجان کا بچوں کے ادب کے باہمی تراجم اور ثقافتی روابط کے فروغ پر اتفاق

image

پاکستان اور آذربائیجان نے بچوں کے ادب کے باہمی تراجم، کتابوں کی اشاعت اور علمی و ثقافتی روابط کو فروغ دینے کے لیے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔

اس سلسلے میں نیشنل بک فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر ہیڈکوارٹرز مراد علی مہمند نے پاکستان ہائی کمیشن باکو کے تعاون سے باکو اسٹیٹ یونیورسٹی کے شعبہ اردو کے سربراہ ایلدوس ابراہیم اور پریس کونسلر سیدہ عدیلہ رباب کاظمی سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کی منتخب کتب کے اردو اور آذربائیجانی زبانوں میں تراجم، اشاعتی حقوق اور مشترکہ منصوبوں کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران مراد علی مہمند نے نیشنل بک فاؤنڈیشن کے اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ بچوں اور نوجوانوں میں مطالعے کا ذوق پیدا کرنا، معیاری کتب تک رسائی اور پاکستانی ادب کو عالمی سطح پر متعارف کرانا ادارے کی اہم ترجیحات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ادب کے باہمی تراجم سے اقوام کے درمیان ثقافتی قربت اور افہام و تفہیم کو فروغ ملتا ہے۔ باکو اسٹیٹ یونیورسٹی کے شعبۂ اردو کے سربراہ ایلدوس ابراہیم نے بتایا کہ یونیورسٹی میں اردو زبان کا چار سالہ ڈگری پروگرام جاری ہے، جس میں ہر سال تقریباً 10 سے 40 طلبہ تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔

اس موقع پر آذربائیجان کی منتخب معیاری بچوں کی کتابوں کے اردو تراجم اور نیشنل بک فاؤنڈیشن کی تصانیف کو آذربائیجانی زبان میں منتقل کرنے کا جائزہ لینے پر اتفاق کیا گیا۔ اس عمل کے لیے موزوں کتب کے انتخاب، مستند مترجمین کی خدمات، حقوقِ ترجمہ و اشاعت اور ناشرین و تعلیمی اداروں کے درمیان روابط قائم کرنے پر بھی گفتگو کی گئی۔

اس مجوزہ تعاون سے دونوں ممالک کے بچوں اور نوجوانوں کو ایک دوسرے کی کہانیوں، تہذیبی روایات، معاشرتی اقدار اور ادبی ورثے سے روشناس ہونے کا موقع ملے گا۔ ملاقات کے اختتام پر امید ظاہر کی گئی کہ ان مشترکہ اقدامات اور مسلسل رابطوں سے بچوں کے ادب کی اشاعت و تقسیم کے نئے امکانات پیدا ہوں گے اور پاکستان و آذربائیجان کے دوستانہ تعلقات کو مزید تقویت حاصل ہوگی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US