ملتان میں کم عمر یتیم بچے وسیم عباس سے مبینہ طور پر جبری مشقت کرانے اور بچوں سے متعلق قوانین کی خلاف ورزی پر یتیم خانے کے مالک شعیب کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔
پولیس کے مطابق تھانہ بی زیڈ میں محکمہ لیبر کی مدعیت میں چائلڈ لیبر ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے، جس میں کم عمر بچوں کو غیرقانونی طور پر ملازمت پر رکھنے، بچوں کی غیرقانونی منتقلی اور چائلڈ لیبر ایکٹ کی خلاف ورزی سے متعلق دفعات شامل کی گئی ہیں۔
حکام کے مطابق مقتول وسیم عباس یتیم خانے میں رہائش پذیر تھا، جہاں سے اسے مبینہ طور پر ملزم توقیر کے حوالے کیا گیا۔ ملزم توقیر پر کم عمر بچے سے جبری مشقت کرانے کا الزام ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ یتیم خانے کا مالک شعیب پہلے ہی واقعے کی تحقیقات کے سلسلے میں پولیس کی تحویل میں ہے، جبکہ مقدمے کے اندراج کے بعد معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے۔