ویکسین خریداری میں اربوں روپے کی مبینہ بے ضابطگیاں، ملزمان کا 7 روزہ جسمانی ریمانڈ

image

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے ویکسین کی خریداری میں مبینہ اربوں روپے کے فراڈ کیس میں گرفتار تین ملزمان کا 7 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔

وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے بی ایچ ایس پی کے ڈائریکٹر محمد عابد حسین شاہ، پردیپ کمار اور ڈاکٹر سید غلام مرتضیٰ شاہ کو جوڈیشل مجسٹریٹ شائستہ کنڈی کی عدالت میں پیش کیا۔ ایف آئی اے نے ملزمان سے تفتیش اور شواہد کی برآمدگی کے لیے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی، تاہم عدالت نے 7 روزہ ریمانڈ منظور کیا۔

ایف آئی اے کے مطابق ملزمان پر مینینگوکوکل اور انفلوئنزا ویکسین کی خریداری کے پانچ سالہ معاہدے میں مبینہ مالی بے ضابطگیوں اور من پسند کمپنی کو فائدہ پہنچانے کے الزامات ہیں۔

تحقیقاتی ادارے کا مؤقف ہے کہ مبینہ طور پر مارکیٹ سروے اور مختلف بولیوں کا تقابلی جائزہ لیے بغیر واحد بولی دہندہ کمپنی ’میڈیسنز فارما کنیکٹ‘ کو ٹھیکہ دیا گیا، جس کے نتیجے میں قومی خزانے کو تقریباً 2 ارب 44 کروڑ 50 لاکھ روپے کا نقصان پہنچنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔

ایف آئی اے نے عدالت کو بتایا کہ کیس میں اصل خریداری کا ریکارڈ، سرکاری خط و کتابت اور دیگر متعلقہ شواہد برآمد کرنے کے علاوہ مبینہ سہولت کاروں کی نشاندہی کے لیے ملزمان سے مزید تفتیش ضروری ہے۔

عدالت نے دلائل سننے کے بعد تینوں ملزمان کا 7 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے انہیں مدت مکمل ہونے پر دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

واضح رہے کہ ملزمان پر ویکسین کی خریداری کے معاہدے میں مبینہ غبن، مالی بے ضابطگیوں اور قومی خزانے پر تقریباً 2.445 ارب روپے کا اضافی بوجھ ڈالنے کے الزامات ہیں، جن کی تحقیقات جاری ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US