عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے جس کے بعد برینٹ کروڈ کی قیمت 114 ڈالر فی بیرل کے قریب آگئی، جبکہ امریکی خام تیل بھی سستا ہوگیا۔
گلف نیوز کی رپورٹ کے مطابق ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کم ہونے کی امیدوں کے باعث تیل کی قیمتوں پر دباؤ دیکھا گیا۔ برینٹ کروڈ کی قیمت 2.29 فیصد کمی کے بعد 114.04 ڈالر فی بیرل پر آگئی، جبکہ بعد ازاں یہ 1.95 فیصد کمی کے ساتھ 114.44 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ کرتا رہا۔
امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) کی قیمت بھی 2.49 فیصد کمی کے بعد 100.69 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔
رپورٹ کے مطابق حالیہ کمی سے قبل رسد میں ممکنہ کمی کے خدشات کے باعث برینٹ کروڈ کی قیمت رواں سال تقریباً 90 فیصد بڑھ چکی تھی اور حالیہ دنوں میں تقریباً چھ ماہ کی بلند ترین سطح کے قریب پہنچ گئی تھی۔
ماہرین کے مطابق تیل کی قیمتوں میں کمی کی ایک وجہ سرمایہ کاروں کی جانب سے منافع حاصل کرنے کے لیے فروخت بھی ہے۔ تاہم سعودی عرب میں تیل کی اہم تنصیبات پر ممکنہ حملوں کے خدشات اور ایران کے خلاف ممکنہ فوجی کارروائیوں کے باعث عالمی منڈی میں غیر یقینی صورتِ حال برقرار ہے۔