پاکستان میں مشکوک مالی لین دین کی نگرانی مزید مؤثر بنانے کا فیصلہ

image

وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی معاونت کی روک تھام سے متعلق نیشنل ایگزیکٹو کمیٹی کا 19واں اجلاس منعقد ہوا، جس میں پاکستان کے قومی انسدادِ منی لانڈرنگ و دہشت گردی فنانسنگ فریم ورک پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور اہم اصلاحات کی منظوری دی گئی۔

وزارت خزانہ کے مطابق اجلاس میں گزشتہ اجلاس کے فیصلوں پر عمل درآمد، فنانشل مانیٹرنگ یونٹ (ایف ایم یو) کی کارکردگی، متعلقہ اداروں کی استعداد کار اور مصنوعی ذہانت (اے آئی) و مشین لرننگ کے استعمال سے متعلق اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں کرنسی ٹرانزیکشن رپورٹس (سی ٹی آرز) کے لیے مقررہ حد میں مجوزہ تبدیلی کی منظوری دی گئی۔ یہ رپورٹس مشکوک مالی لین دین کی نشاندہی اور تجزیے کے نظام کا اہم حصہ ہیں۔ کمیٹی نے پاکستان میری ٹائم زونز ایکٹ 2023 کی دفعہ 28 کو انسدادِ منی لانڈرنگ ایکٹ کے شیڈول ون میں شامل کرنے کی بھی منظوری دی۔

اجلاس میں پاکستان ورچوئل اثاثہ جات ریگولیٹری اتھارٹی (پی وی اے آر اے) کو انسدادِ منی لانڈرنگ ایکٹ کے شیڈول فور میں شامل کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے متعلقہ اداروں کے درمیان بہتر رابطہ کاری، فیصلوں پر بروقت عمل درآمد اور باقاعدہ نگرانی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ قومی انسدادِ منی لانڈرنگ و دہشت گردی فنانسنگ فریم ورک کو بدلتے ہوئے مالیاتی خطرات اور جدید ٹیکنالوجی کے تقاضوں سے ہم آہنگ رکھنا ضروری ہے۔

انہوں نے فنانشل مانیٹرنگ یونٹ کی تجزیاتی اور عملی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے کے لیے واضح اہداف اور مقررہ مدت پر مشتمل لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ اداروں کے درمیان مؤثر تعاون اور مسلسل نگرانی کے ذریعے منظور شدہ اقدامات پر مؤثر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔

اجلاس میں وفاقی وزیر قانون و انصاف، گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان، سیکریٹری خزانہ، چیئرمین سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان، ڈائریکٹر جنرل انسدادِ منی لانڈرنگ و دہشت گردی فنانسنگ اتھارٹی اور فنانشل مانیٹرنگ یونٹ سمیت متعلقہ وزارتوں اور ڈویژنز کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US