بلوچستان کے ضلع خضدار کے علاقے کرخ میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کامیاب انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے 5 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
معاون برائے داخلہ بابر یوسفزئی نے کارروائی کو دہشت گردی کے خلاف مؤثر اقدامات کا حصہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان میں امن و امان کے قیام اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری ہیں۔
بابر یوسفزئی کا کہنا تھا کہ خضدار کے علاقے کرخ میں آپریشن کے دوران 5 دہشت گردوں کی ہلاکت اہم پیش رفت ہے۔ دہشت گردی کے خاتمے اور عوام کے تحفظ کے لیے تمام متعلقہ ادارے اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں امن و استحکام کے قیام کے لیے سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں قابلِ قدر ہیں۔ صوبے میں امن دشمن عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائیاں جاری رہیں گی۔
معاون برائے داخلہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سیکیورٹی ادارے عوام کے تحفظ اور پائیدار امن کے قیام کے لیے پرعزم ہیں اور بلوچستان میں امن و استحکام برقرار رکھنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔